وزیرِ اعظم نریندر مودی کا پارلیمنٹ میں خطاب، عالمی کشیدگی پر تشویش کا اظہار
نئی دہلی (نمائندہ خصوصی)
وزیرِ اعظم نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے عالمی حالات خصوصاً ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے ممکنہ اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جا سکتے ہیں، اس لیے ملک کو ہر سطح پر پیشگی تیاری کرنی ہوگی۔وزیرِ اعظم نے کورونا وبا کے دوران درپیش چیلنجز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ملک نے اس مشکل وقت میں متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کیا تھا، اسی طرح موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر بھی سنجیدہ اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت بدلتے ہوئے عالمی حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے بیان سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ آنے والے دنوں میں بین الاقوامی سطح پر صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

